پاکستان کو موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کےمنفی اثرات پر قابو پانےکے لیے معاونت کی ضرورت ہے ، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان اقتصادی تعاون کومزیدفروغ دینے کی ضرورت پرزوردیاہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں نیدرلینڈ کی سفیر سے ملاقات میں کہی ۔

وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پرزور دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2010 اور حالیہ تباہ کن موسمیاتی آفت کے دوران نیدرلینڈ کی کی بروقت اور انتہائی قابل قدر انسانی امداد کو سراہتاہے انہوں نے مزید کہا کہ کاربن کے عالمی اخراج میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوموسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کےمنفی اثرات پر قابو پانےکے لیے معاونت کی ضرورت ہے تاکہ سب سے زیادہ کمزور اور غریب کمیونٹیز کو مستقبل کی آفات کی تباہی سے بچایا جا سکے۔سفیر ہینی نے پاکستان اور نیدرلینڈکے درمیان خوشگوار تعلقات کو سراہا ۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کی حکومت زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ہم طویل مدتی بحالی کے پروگراموں کے لیے مدد کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ آب و ہوا ہماری توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے بدل رہی ہے، اس لئے دنیا کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے کہ ہر ملک کی اچھی طرح سے حفاظت کی جائے۔ اقتصادی امور کے وزیر نے حکومتی سطح پرترقیاتی تعاون کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے نیدرلینڈز فیلوشپ پروگرام اور اسکالرشپ میں خصوصی نشستیں بحال اور مختص کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے زراعت میں تکنیکی معاونت خاص طور پر آبی وسائل اور آبپاشی کے ساتھ ساتھ باغبانی خصوصاً بیر، سبزیوں، بیجوں کی پیداوار، لائیو سٹاک اور ڈیری میں مدد کی فراہمی پر بھی روشنی ڈالی کیونکہ نیدرلینڈ کے پاس ان شعبوں میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجیز موجود ہیں۔

ڈچ کمپنیاں پاکستان میں بیجوں کی نشوونما کے لئے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے کام کر سکتی ہیں۔سفیر نے مذکورہ شعبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور وزیر کو بتایا کہ ان پروگراموں پر بالخصوص پیشہ ورانہ تربیت اور تکنیکی تبادلے کے حوالے سے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔