اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری عمران احمد صدیقی سے ملاقات کی اور ان سے پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری عمران احمد صدیقی نے کہا کہ آسیان، وسطی ایشیا اور افریقہ میں پاکستان کے لیے کاروبار کو فروغ دینے کے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے ابھی تک فائدہ نہیں اٹھایا گیا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو بہتر کرنے کیلئے ان ممالک پر خصوصی توجہ دے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فارماسوٹیکلز سمیت متعدد معیاری مصنوعات تیار کر رہا ہے، جو ان ممالک میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز قائم کر کے جدید ٹیکنالوجی پاکستان میں لانے کی کوشش کرے جس سے ہمارے ملک کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت خارجہ پاکستان کیلئے نئی مارکیٹیں تلاش کرنے کی کوششوں میں نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ٹریڈ ڈپلومیسی پر توجہ دے کر پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں تعینات پاکستان کے سفارت کار وں کا نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈپلومیسی کو بروئے کار لا کر پاکستان مختلف ممالک کے ساتھ فائدہ مند تجارتی معاہدے کر کے تجارت، برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کر سکتا ہے جس سے ہماری معیشت جلد بحال ہو سکتی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزارت خارجہ ان مقاصد کے حصول کیلئے مزید فعال کر دار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی آسیان ممالک کے ساتھ کاروباری تعاون کے ممکنہ شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے پاکستان آسیان بزنس فورم کے انعقاد کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کا ایک وفد پہلے ہی انڈونیشیا کا دورہ کر چکا ہے جبکہ ایک اور وفد تھائی لینڈ کے دورے پر روانہ ہو رہا ہے تاکہ ان ممالک کے ساتھ کاروبار کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر ٹریڈ ڈپلومیسی کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا تا کہ پاکستان کے کاروباری مفادات کو بہتر طور پر فروغ دیا جا سکے۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان کے سفارت کاروں کا چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستان کے معاشی مفادات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے تجارتی وفود کے بیرونی دوروں کے موقع پر پاکستان کے سفارت کار ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں جس سے پاکستان کیلئے کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں کافی مدد ملے گی۔