ایبٹ آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، کیڈٹ کالج بٹراسی کے طلبہ نے تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی نام کمایا ہے، یہ ادارہ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، کالج کے طلبہ کا جذبہ اور نظم وضبط مثالی ہے، والدین …
پاکستان کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے،وزیرمملکت وجیہہ قمر

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، کیڈٹ کالج بٹراسی کے طلبہ نے تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی نام کمایا ہے، یہ ادارہ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، کالج کے طلبہ کا جذبہ اور نظم وضبط مثالی ہے، والدین یقین رکھیں کہ ان کے بچے ملک کے مایہ ناز تعلیمی ادارہ میں زیر تعلیم ہیں جو طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما میں بے مثال ادارہ ہے۔
وہ ہفتہ کو پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں 19 ویں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار شاہجہان یوسف کے علاوہ مقامی و سیاسی نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوم والدین کی تقریب کالج گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس کیلئے گراؤنڈ کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ تقریب کے کامیاب انعقاد کیلئے شاندار انتظامات سمیت سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
مہمانوں کی آمد پر پرنسپل ادارہ سونی کم سونگ سو نے سینئر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے کیپٹن محمد عثمان علی شہید کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔ مہمان خصوصی کے پریڈ گراؤنڈ آمد پر انہیں پھولوں کے گل دستے پیش کئے گئے اور کیڈٹس کے چاک وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے ہوا، بعد ازاں بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ استقبالیہ خطبہ سے سونی کم سیونگ سو پرنسپل ادارہ نے مہمان خصوصی اور گیسٹ آف آنر کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات سے وقت نکال کر کیڈٹ کالج بٹراسی کے یوم والدین کی تقریب کو رونق بخشی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان گرامی نے کہا کہ والدین یقین رکھیں کہ ان کے بچے محفوظ اور معتبر ہاتھوں میں ہیں، ادارہ اپنے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتا، والدین اپنے بچوں کی بہتر سے بہتر تعلیم و تربیت کی خاطر ادارہ سے مسلسل رابطہ میں رہیں اور تربیتی اور اصلاحی کاوشوں میں تعاون کو یقینی بنائیں۔
سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ یہ بچے امید کی کرن ہیں اور پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔ چیمپئن الم کی منتقلی کی خوبصورت تقریب منعقد ہوئی جس میں 2025ء کے چیمپئن ہاؤس خیبر ہاؤس کو چیمپئن الم عطا کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے پرنسپل کے ہمراہ پریڈ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد کالج کے سکاؤٹ کیڈٹس نے خوبصورت عسکری یونیفارم میں پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا ۔پی ٹی آئی محمد بشیر اور محمد اکرام کی زیر نگرانی ننھے طلبہ نے خوبصورت پی ٹی شو پیش کیا جس کے بعد ہیڈ کوچ یاسر کی زیر نگرانی پھرتیلے جمناسٹ کی ٹیم نے جمناسٹک کا خوبصورت مظاہرہ کیا اور مختلف کرتب دکھا کر شرکائے تقریب سے داد وصول کی۔ تائیکوانڈو کوچ غضنفر علی کی زیر نگرانی ”تائیکوانڈو“ شو میں طلبہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی شاہجہان یوسف نے اپنے خطاب میں خوبصورت تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کیڈٹ کالج بٹراسی کی ترقی اور استحکام کیلئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ گیسٹ آف آنر وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے پرنسپل ادارہ، کالج سٹاف اور طلبہ کو یوم والدین کی اس اعلیٰ معیاری اور منظم تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں، جذبہ اور نظم وضبط کی تعریف کی۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طلبہ، اساتذہ اور سٹاف کو انعامات سے نوازا گیا۔
پرنسپل نے مہمان خصوصی اورگیسٹ آف آنرز کو کالج سوویئنر پیش کئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر خیبر پختونخوا بابر سلیم سواتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرنسپل، ادارہ اور سٹاف کے انتہائی ممنون ہیں جنہوں نے انہیں یوم والدین کی اس خوبصورت تقریب میں شرکت کا موقع فراہم کیا، وہ طلباء کی قابلیت، صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں زبردست کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ہیں، پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، کیڈٹ کالج بٹراسی کے طلبہ نے تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ملک بھر میں جو نام کمایا وہ کسی تعارف کا محتاج نہیں، اس اعلیٰ کارکردگی کے پس منظر میں یقیناً پرنسپل اور ٹیم کا بہت کردار ہے۔
انہوں نے یوم والدین کی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر کالج پرنسپل اور کالج انتظامیہ کی شاندار کاوشوں کو سراہا اور تقریب کے انتظامات اور سکاؤٹ کیڈٹس کی بے مثال کارکردگی کی تعریف کی۔ مہمان خصوصی نے طلبہ، کالج سٹاف اور طلبہ کے والدین کو اپنے اپنے فرائض بطریق احسن ادا کرنے کی تلقین کی اور ملک خدا داد پاکستان کے استحکام و ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ طلبہ نے پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ کی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کیلئے خوبصورت لوک رقص پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی کی عکاسی کی۔ یوم والدین کے موقع پر کالج ہذا میں سکاؤٹنگ کلب، آرٹ اینڈ پینٹنگ، آرچری کلب، کمپوٹر کلب، فزکس، بائیو اور کیمسٹری کلب میں طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے خوبصورت اور حیرت انگیز ماڈل اور پراجیکٹ تیار کئے۔
مہمان خصوصی اور والدین نے کلب سرگرمیوں میں بچوں کی تخلیقات کا بھی مشاہدہ کیا۔ تقریب کا خوبصورت اور دلچسپ ترین مرحلہ ہارس رائیڈنگ شو تھا، ماہر گھڑ سوار طلبہ نے پیشہ وارانہ گھڑ سواروں کی طرح دلفریب کرتب دکھائے۔ سرپٹ دوڑتے گھوڑوں کی زین پر بیٹھے طلبہ نے ٹینٹ پیگنگ اور والٹنگ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ گھڑ سواری کے دوران طلبہ نے گراؤنڈ میں رکھی گئی مختلف رکاوٹوں کو بڑی مہارت، دلیری اور جرات سے عبور کیا او ر حاضرین سے داد وصول کی۔ تقریب کے اختتام پرمہمانوں کیلئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔








