پاکستان کی آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو سنائی گئی سزاوں کی مذمت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق پر عالمی توجہ کا مطالبہ

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان نے معروف کشمیری سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنائے جانے اور ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو ”انسدادِ غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ“ جیسے سخت قانون کے تحت 30، 30 سال قید کی سزائیں دینے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط …

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان نے معروف کشمیری سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنائے جانے اور ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو ”انسدادِ غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ“ جیسے سخت قانون کے تحت 30، 30 سال قید کی سزائیں دینے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق کی مسلسل پامالی کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس فیصلے کو سیاسی بنیاد پر قائم مقدمات کے وسیع تر سلسلے کا حصہ سمجھتا ہے جس کا مقصد اختلافی آوازوں کو دبانا اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کےلئے آواز اٹھانے والوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سزائیں قانونی تقاضوں، عدالتی خودمختاری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کی پاسداری کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیتی ہیں۔ بیان کے مطابق آسیہ اندرابی طویل عرصے سے کشمیر کاز کی ایک موثر آواز رہی ہیں، ان کی سزا اور سخت سلوک بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سیاسی اظہار اور شہری آزادیوں کے محدود ہوتے دائرے کو ظاہر کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کو بڑھاتے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے امکانات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کے اقدامات کا جوابدہ ٹھہرائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق بشمول آزادی اظہار اور منصفانہ ٹرائل کے حق کے تحفظ کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کےلئے جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے جسے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے۔