وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا
پاکستان ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، محمد شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔پیر کو’’ ایکس ‘‘پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے حمایت اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی جرأت مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جس نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں انسانی جانوں کو بچانے میں مدد دی،پائیدار امن ہی ہماری اقوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا تھا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور پاکستان نے ’’مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ پر دستخط کر دیے ہیں۔ انہوں نے اسے بہت بڑا ، جرأت مندانہ اور پہلا اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاہدے سے واضح ہورہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کس طرح ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں اور کس طرح وہ اپنا دفاع زیادہ بہتر طریقے سے کرنے کے قابل ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے اس معاہدے پر ترکیہ ، سعودی عرب اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دی تھی







