اسلام آباد میں بلی جین کنگ کپ کے لئے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری، قطر کی قومی ٹیم بھی چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی

پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری ٹینس چیمپئن شپ کے لئے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایونٹ 21 سے 24 اکتوبر 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کھیلا جائے گا

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری ٹینس چیمپئن شپ کے لئے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایونٹ 21 سے 24 اکتوبر 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹینس تاریخ میں پہلی مرتبہ اس عالمی ویمنز ٹیم ٹینس مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔مالدیپ، ایران اور کویت کے بعد قطر کی قومی ٹیم بھی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ ایونٹ میں بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر سمیت آٹھ ممالک کی خواتین ٹینس کھلاڑی شرکت کریں گی۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے اسلام آباد پہنچنے والے وفود کا استقبال کیا اور پاکستان میں پہلی مرتبہ اس بین الاقوامی چیمپئن شپ کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر پی ٹی ایف قیادت نے کہا کہ اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے فروغِ ٹینس بالخصوص خواتین کی ٹینس کی ترقی کے عزم کی عکاس ہے۔

اس سے بین الاقوامی کھیلوں کے تعلقات مضبوط ہوں گے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر عالمی کھلاڑیوں کے خلاف صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے۔پی ٹی ایف کے مطابق چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیموں، آفیشلز اور وفود کے استقبال اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے جامع انتظامات کئے جا رہے ہیں۔