پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم نے اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔
پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم کا اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز،پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم نے اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔
میچ میں عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر گول اسکور کر کے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ رانا سمیع نے بہترین فیلڈ گول کر کے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔یہ مقابلہ انتہائی سخت اور نامساعد موسمی حالات میں کھیلا گیا۔ کھیل کے وقت درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ شدید حبس کے باعث اس کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی۔ یہ میچ اصل شیڈول کے تحت رات کو کھیلا جانا تھا، تاہم اچانک آنے والے سمندری طوفان/بگولےکے باعث مرکزی گراؤنڈ کو شدید نقصان پہنچا، جس کے بعد انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر میچ کا وقت تبدیل کر کے اسے دوپہر 4:30 بجے متبادل پچ پر منتقل کر دیا۔ دونوں ٹیموں کو تیز دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود میدان میں اترنا پڑا۔ نامساعد حالات کے باوجود پاکستان انڈر 21 کے کھلاڑیوں نے بہترین فٹنس، ڈسپلن اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ سینئر بین الاقوامی ٹیم کے خلاف یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور آنے والے مقابلوں کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔








