جیونجو ۔1جولائی (اے پی پی):ناقابل شکست پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 کے اپنے گروپ بی کے پانچویں میچ میں مالدیپ کو شکست دے دی۔پاکستان ٹیم کی یہ ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں مسلسل پانچویں فتح ہے اور چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ جیونجو، جنوبی کوریا ،جیونجو ہواسن جمنازیم، جیونجو سی، جنوبی کوریا میں ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ2025 کے اپنے پانچویں میچ میں پاکستان کی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف مالدیپ کی ویمنز ٹیم کو 39 کے مقابلے میں 49 پوائنٹس سے ہرا دیا۔
پاکستان کی جانب سے لیا رضا شاہ، علیشا نوید، حلیمہ، سرینہ حسین، جیسمین فاروق، فرح رشید، امانی، پاریسہ، سمیہ احمد اور علینہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر سمین ملک، سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے پاکستان ٹیم کو مالدیپ کے خلاف 39-49 پوائنٹس سے جیتنے پر مبارکباد دی۔اس میگا ایونٹ کے پول بی میں پاکستان کی ٹیم سب سے زیادہ 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔
پاکستان کی ٹیم پول بی میں 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہونے پر گروپ کی فورتھ پوزیشن پر موجود جاپان کے خلاف سیمی فائنل یں مد مقابل ہوگی ۔چیمپئن شپ میں 11 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اےمیں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل ہیں جبکہ گروپ بیمیں چائنیز تائپے، جاپان، میزبان کوریا، پاکستان، مالدیپ اور سعودی عرب کو رکھا گیا ہے۔پاکستان گروپ بی میں پانچ لیگ میچ کھیلے گا۔ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جنوبی کوریا میں جاری ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 کا فائنل میچ 4 جولائی کو کھیلا جائے گا۔