اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان کا بڑا مقصد اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ تھا، قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ءکو آئین ساز اسمبلی سے خطاب میں واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہوگا۔
”اے پی پی“ کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرسمس کی دلچسپ اور زبردست تاریخ ہے، ہر نئی صدی میں کرسمس میں نئے رنگ بھرتے گئے، کرسمس کو ہمیشہ خوشیوں کا تہوار تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، پاکستان کے مستقبل میں اقلیتوں کے کردار کو مزید سراہا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد اس لئے بھی ضروری ہے کہ لوگوں کو بتایا جا سکے کہ ریاست میں تمام اقلیتوں کے لوگ شامل ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وزارت اطلاعات اور اے پی پی میں کرسمس کی تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی ملازمین میں سووینئر زبھی تقسیم کئے۔ تقریب میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مبشر حسن، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی عدیلہ رباب، مسیحی ملازمین اور ان کی فیملیز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔