پاکستان کی تعمیر وترقی میں اقلیتی برادری کسی سے پیچھے نہیں ،رامیش کمار

68

ملتان۔7جنوری (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پرمندرو ں کی صورتحال چانچنے کے لئے بنائے گئے کمیشن میں شامل ایم این اے رامیش کمار،شعیب سڈل اورثاقب گیلانی نے جمعرات کو قلعہ کہنہ قاسم باغ پرواقع پرہلاد مندرکادورہ کیا ۔اس موقع پرسیکرٹری اوقاف پنجاب ندیم الرحمن ،ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسان کے علاوہ متروکہ وقف املاک اورمحکمہ اوقات کے افسران بھی موجودتھے ۔رامیش کمارنے اس موقع پرمیڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں اقلیتی برادری کسی سے پیچھے نہیں ،سپریم کورٹ کے حکم سے مندروں کی صورتحال جانچنے کے لئے تشکیل دیئے گئے اس کمیشن سے اقلیتی برادریوں کوبہت حوصلہ ملاہے یہ ہمارے لئے امید کی کرن ہے ،پاکستان کاآئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت فراہم کرتاہے پاکستان میں رہنے والے خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہواسی ملک کے سپوت ہیں ہماری پہچان پاکستان سے ہے ہم سب کو پاکستان کی ترقی اس کے استحکام کے لئے اپناکردار اداکرناچاہیے ۔انہوںنے کہاکہ پرہلاد اورکٹاس راج کے علاوہ انگلاج ماتااورشری مہاراج مند کو ہندومذہب میں انتہائی مقام حاصل ہے۔ہولی اوردیوالی ہندومذہب کے دواہم تہوارہیں اورصدیوں پہلے ہولی تہوار کی ابتداپرہلاد مندر ملتان سے ہوئی تھی ۔یہ مندر ایک تاریخی ورثے کی حیثیت رکھتاہے ،امید ہے کہ اس تاریخی ورثے کی بحالی پرجلدہی کام شروع کرادیاجائے گا۔اس سے نہ صرف ملکی اوربین الاقوامی سیاحت کوفروغ ملے گابکہ اس سے عالمی سطح پرپاکستان کے وقار م یں اضافہ ہوگا،سیاحت ایساشعبہ ہے کہ اس سے وطن عزیز میں خوشحالی آسکتی ہے اورہمیں اس طرف توجہ دے کر اس کے ثمرات سمیٹ لینے چاہیے۔