پاکستان کی تمام صنعتوں کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں،ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر

134

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی صنعتی ترقی کا معترف ہے،پاکستان کی تمام صنعتوں کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں،لاہور ثقافتی ہی نہیں بلکہ صنعتی شہر ہے جس نے کوالٹی اور محنت سے اپنا نام بنایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ٹریکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی لاہور کے ہیڈ آفس دورہ کے دوران کیا۔ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ رواں ماہ ایکسپو سینٹر لاہور میں ہونے والے پاکستان آٹو شو میں ایران کی 20 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جس سے دونوں ملک ایک دوسرے کی ٹیکنالوجی اور تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایران میں ٹریکٹر سازی کی چھ بڑی کمپنیاں ہیں جو پاکستان کے ساتھ ملکر ٹریکٹر اور سپئیر پارٹس کے لیے مشترکہ طور پر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی مارکیٹ میں پاکستانی تاجروں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور خاص طور پر ٹریکٹر سپیئر پارٹس کی ایران کو اشد ضرورت ہے۔

اس موقع پر سی ای او پاک ٹریکٹر مینو فیکچرنگ کمپنی حمزہ وزیر نے کہا کہ ایران کی مختلف کمپنیوں کے ساتھ ماضی میں کام کر چکے ہیں جس میں ٹریکٹر سپئیر پارٹس اور جنریٹر ایران کو فراہم کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی کا وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا اور ایران کی ٹریکٹر سازی کی صنعت کی فیکٹریاں وزٹ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔قبل ازیں ایرانی وفد کے پاک ٹریکٹر مینو فیکچرنگ کمپنی پہنچنے پر سی او او رانا سہیل،چیف ایڈوائزر شاہد طور اور نیشنل برانڈ پرموشن مینجر عثمان بٹ نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور وفد کو فیکٹری کا تفصیلی وزٹ کروایا ۔