اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور سفیر برائے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس مصباح کھّر نے پاکستان کے نوجوانوں کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کا ’’اصل سرمایہ اور سب سے قیمتی اثاثہ” قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی زمین کے نیچے نہیں بلکہ اپنی نوجوان نسل کی ذہانت، بصیرت اور جدت طرازی میں پوشیدہ ہے۔ بدھ کو سینیٹ …
پاکستان کی حقیقی ترقی نوجوان نسل کی ذہانت، بصیرت اور جدت طرازی میں پوشیدہ ہے،مصباح کھر کا میٹرو پولیٹن انٹرپرینیورشپ ویک کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور سفیر برائے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس مصباح کھّر نے پاکستان کے نوجوانوں کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کا ’’اصل سرمایہ اور سب سے قیمتی اثاثہ” قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی زمین کے نیچے نہیں بلکہ اپنی نوجوان نسل کی ذہانت، بصیرت اور جدت طرازی میں پوشیدہ ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور سفیر برائے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس مصباح کھّر ایم آئی یو سی ایچ 8 کیمپس میں منعقد ہونے والی میٹرو پولیٹن انٹرپرینیورشپ ویک کی تقریب میں بطور جج شریک ہوئیں ۔

تقریب میں فیکلٹی ممبران، والدین، ججز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے اپنے جدید اور تخلیقی منصوبے پیش کیے۔مصباح کھّر نے پاکستان کے نوجوانوں کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کا “اصل سرمایہ اور سب سے قیمتی اثاثہ” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی زمین کے نیچے نہیں بلکہ اپنی نوجوان نسل کی ذہانت، بصیرت اور جدت طرازی میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب میں آپ کو دیکھتی ہوں تو محض طلبہ نظر نہیں آتے بلکہ مجھے وہ مستقبل کے رہنما دکھائی دیتے ہیں جو پاکستان کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ آپ کی توانائی اور تحقیقی سوچ ہمارے ملک کا آنے والا روشن باب ثابت ہو گا ۔
انہوں نے سٹیو جابز کے مشہور قول کا حوالہ دیتے ہوئے طلبہ کو یاد دلایا کہ’’وہ لوگ جو دنیا کو بدلنے کا جنون رکھتے ہیں، حقیقت میں وہی اسے بدل دیتے ہیں‘‘۔ انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ وہ روشن منصوبے اور اعلیٰ خیالات اپنائیں کیونکہ جدت ہمیشہ بہادری سے جنم لیتی ہے۔اپنے سرکاری اور سفارتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تخلیقی سوچ اور جرات مندانہ خیالات اپنائے جائیں تو دروازے کھلتے ہیں اور سوچنے کا زاویہ بدل جاتا ہے۔ یہی وژن کی طاقت ہے اور یہی طاقت آج آپ کے پاس ہے۔نوجوان خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے مصباح کھّر نے انہیں بے خوف ہو کر خواب دیکھنے اور کامیابیاں سمیٹنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے رہنمائی کرنا، چیلنج کرنا اور آگے بڑھنا سیکھ لیا ہے۔
اب آپ کی باری ہے۔ اپنا مقام خود بنائیں اور اعتماد کے ساتھ قیادت کریں۔ مقابلے کی جج کی حیثیت سے انہوں نے کہا کہ وہ ایسے خیالات تلاش کر رہی ہیں جو مقصد اور صلاحیت دونوں رکھتے ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب ایک مقابلہ ہی نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو جدید، ترقی یافتہ اور ابھرتے ہوئے پاکستان کے بیانیے کو تشکیل دے رہا ہے۔ مصباح کھّر نے نوجوانوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پُراعتماد ہو کر اپنے خیالات پیش کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ آئیے جدت کو اپنی قومی شناخت بنائیں۔ پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنائیں اور مستقبل کا آغاز کریں۔








