پاکستان کی حکومت اور عوام کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کرنے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

72
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کرنے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کشمیریوں کی جانب سے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے حوالے سے میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیری 26 جنوری کو بھارتی جبر کے خلاف یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ علاقے میں گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری فوجی محاصرے کو مزید تیز کر دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کا اپنی قابض افواج کے اہلکاروں کو نام نہاد بہادری کے اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، بے جا گرفتاریوں، بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے لاتعداد متاثرین کے وقار کی توہین ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے مختلف مواقع پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کے ثبوت پیش کیے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے ظلم و ستم کا محاسبہ کرے اور کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے استعمال کے قابل بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔