قاہرہ ۔ 8 اگست (اے پی پی) پاکستان کی دونوں ٹیمیں فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ مصر میں جاری میگا چیمپئن شپ میں منگل کو کھیلے گئے گروپ جی کے آخری لیگ میچ میں محمد سجاد اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستان ٹیم ون نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران تھری کو 3-2 فریمز سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی براہ راست پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، پاکستان ٹیم ون نے اس سے قبل پہلے میچ میں اردن اور دوسرے میچ میں مصر تھری کو شکست دی تھی، گروپ سی کے آخری لیگ میچ میں محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستانی ٹیم دو نے روس تھری کو 5-0 فریمز سے ہرا کر دوسری فتح سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی براہ راست پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔