پاکستان کی ریاض میں شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت
پاکستان کی ریاض میں شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان نے ریاض میں شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت کا یہ اقدام مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے،پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پہلے بھی تمام ممکنہ کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا۔
جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانا بے گناہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، اس طرح کے قابلِ مذمت حملوں کا فوری طور پر خاتمہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکت سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور سعودی عرب کے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پہلے بھی تمام ممکنہ کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا۔







