فیفا نے 2030 ورلڈ کپ کے لیے بلباؤ اور سان سیباسٹین کی مشترکہ میزبانی کی تجویز مسترد کر دی
فیفا نے 2030 ورلڈ کپ کے لیے بلباؤ اور سان سیباسٹین کی مشترکہ میزبانی کی تجویز مسترد کر دی

مزید خبریں
میڈرڈ۔20نومبر (اے پی پی):فیفا نے فٹ بال عالمی کپ 2030کے لیے سپین کے شہروں بلباؤ اور سان سیباسٹین کو ایک مشترکہ میزبان شہر قرار دینے کی تجویز مسترد کردی ہے۔ شنہوا کے مطابق ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر رافیل لوزان نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فیفا نے دونوں شہروں کو الگ الگ میزبان شہر تصور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔باسک خطے کی جانب سے پیش کردہ تجویز میں ایتھلیٹک کلب کے سان مامیس سٹیڈیم اور ریال سوسیڈاد کے انوئیتا سٹیڈیم میں عالمی کپ کے 2، 2 میچز کرانے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم فیفا کے معائنہ کاروں کے حالیہ دوروں کے بعد اس تجویز کو قبول نہیں کیا گیا۔سان مامیس سٹیڈیم میں اس وقت 53 ہزار 331 تماشائیوں کی گنجائش ہے، جسے 2030 تک بڑھا کر تقریباً 56 ہزار کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ انوئیتا سٹیڈیم کی گنجائش بھی بڑھا کر تقریباً 42 ہزار 247 کرنے کی توقع ہے۔
رافیل لوزان کے مطابق فیفا نے واضح کیا ہے کہ ایک شہر کو 2 سٹیڈیمز کے ساتھ مشترکہ میزبان بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اب باسک حکومت اور سان سیباسٹین کے میئر کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس منصوبے میں کیا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ 2030 کا فٹ بال عالمی کپ سپین، پرتگال اور مراکش میں کھیلا جائے گا جبکہ افتتاحی 3 میچز جنوبی امریکا میں منعقد ہوں گے۔ مشترکہ میزبانی کی تجویز مسترد ہونے کے باوجود ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے کہا ہے کہ ملک میں عالمی کپ کی تیاریاں جاری ہیں اور اب اس بڑے ایونٹ کو یادگار بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔







