رائٹ ٹو پلے پاکستان نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اسٹیک ہولڈرز کی ایک تقریب میں اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق کھیل پر مبنی منظم تدریس پاکستان میں تعلیم، بچوں کے تحفظ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے شعبوں میں ٹھوس اور قابلِ پیمائش نظامی تبدیلی لا رہی ہے۔تقریب میں رائٹ ٹو پلے انٹرنیشنل کی عالمی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیسی تھامسن نے کلیدی خطاب کیا، …
رائٹ ٹو پلے کی سالانہ رپورٹ میں کھیل پاکستان کی پائیدار ترقی اور سماجی تبدیلی کا لازمی بنیادی ڈھانچہ قرار

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):رائٹ ٹو پلے پاکستان نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اسٹیک ہولڈرز کی ایک تقریب میں اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق کھیل پر مبنی منظم تدریس پاکستان میں تعلیم، بچوں کے تحفظ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے شعبوں میں ٹھوس اور قابلِ پیمائش نظامی تبدیلی لا رہی ہے۔تقریب میں رائٹ ٹو پلے انٹرنیشنل کی عالمی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیسی تھامسن نے کلیدی خطاب کیا، جبکہ رائٹ ٹو پلے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر علی خیام نے تنظیم کے اثرات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتی مشنز کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے رہنماؤں اور نجی شعبے کے شراکت داروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیم کے 25 سالہ عالمی اثرات کا جشن منایا گیا اور پاکستان میں بچوں پر مرکوز تعلیم کے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کی صورتِ حال ہے، جہاں دو کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں اور 77 فیصد بچے بنیادی خواندگی سے محروم ہیں ۔ رائٹ ٹو پلے کی رپورٹ کے مطابق ان حالات میں کھیل کوئی آسائش نہیں بلکہ تعلیم کا لازمی بنیادی ڈھانچہ ہے۔ گزشتہ سال رائٹ ٹو پلے پاکستان براہِ راست اور شراکت داروں کے ذریعے کیے گئے اقدامات کے تحت 500 سے زائد سرکاری شراکت دار اسکولوں اور 130 غیر رسمی تعلیمی مراکز میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں تک پہنچے۔
ان اقدامات کے تحت 1800 سے زائد تربیت یافتہ اساتذہ اور یوتھ کوچز نے کھیل پر مبنی دس ہزار سے زائد تدریسی سیشنز منعقد کیے۔رپورٹ کی رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے عالمی صدر و سی ای او جیسی تھامسن نے 47 ممالک میں رائٹ ٹو پلے کے عالمی مشن کے لیے پاکستان کو شواہد اور جدت کا عالمی مرکز قرار دیتے ہوئے اس کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’دنیا بھر میں ہم دیکھتے ہیں کہ جب بچوں کو کھیلنے، سیکھنے اور قیادت کرنے کے لیے محفوظ مقامات میسر آتے ہیں تو پورے پورے معاشرے بدل جاتے ہیں۔ پاکستان اس تحریک میں صفِ اول میں کھڑا ہے۔ یہاں یہ ثابت ہو رہا ہے کہ کھیل پر مبنی تدریس کو سرکاری تعلیمی نظام کا حصہ بنانے سے بچے نہ صرف کلاس روم میں رہتے ہیں، بلکہ ان میں حوصلہ اور استقامت پیدا ہوتی ہے، تشدد میں کمی آتی ہے اور نوجوانوں، بالخصوص لڑکیوں، کو اپنا مستقبل خود سنوارنے کا اختیار ملتا ہے۔سالانہ رپورٹ کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے کنٹری ڈائریکٹر علی خیام نے کہا کہ رائٹ ٹو پلے پاکستان الگ الگ کلاس رومز میں کی جانے والی مداخلتوں سے آگے بڑھ کر ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کی طرف گامزن ہے جو حکومت کی قیادت میں اور بڑے پیمانے پر نافذ کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ’اس رپورٹ کے ہر عدد کے پیچھے ایک ایسا بچہ ہے جسے اپنی آواز ملی، ایک ایسا استاد ہے جس نے رٹے کی جگہ خوشگوار اور فعال تدریس اپنائی، اور ایک ایسی برادری ہے جس نے لڑکیوں کی قیادت کے لیے اپنے دروازے کھولے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، عطیہ دہندگان اور مقامی سول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ گہری شراکت داری کے ذریعے ہم کھیل کو پاکستان کے سرکاری اسکولوں کا لازمی حصہ بنا رہے ہیں تاکہ کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔رپورٹ کے نمایاں نکات کے مطابق رائٹ ٹو پلے سرکاری تعلیمی نظام میں اصلاحات کے تحت وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (MoFEPT) اور وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE) کے اشتراک سے اسلام آباد کے تمام 347سرکاری پرائمری اسکولوں میں کھیل پر مبنی تدریس کو شامل کر رہا ہے۔ اس سے ایک لاکھ 3ہزار 800 طلبہ مستفید ہو رہے ہیں جبکہ 700 سے زائد اساتذہ کو تربیت دی جا چکی ہے۔ سندھ میں رائٹ ٹو پلے کے جمع کردہ شواہد براہِ راست صوبے کے نصابِ جسمانی تعلیم کی تیاری میں کام آئے، جو اب 60 ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
آہنگ (Aahung) کے ساتھ یو کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے تعاون سے جاری وہاٹ ورکس ٹو پریوینٹ وائلنس – فیز II‘‘ کے تحت 90 فیصد منتخب اسکولوں نے بچوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے، جبکہ 88 فیصد طلبہ نے تشدد کی پہچان سے متعلق بہتر آگاہی کا مظاہرہ کیا۔ویمن ون (Women Win) اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے ’’گول ایکسلریٹر‘‘ پروگرام میں سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کی 255 نوجوان خواتین نے شرکت کی اور پروگرام میں برقرار رہنے کی شرح 100 فیصد رہی۔ ان میں سے 195 نوجوان خواتین رسمی ملازمتوں اور نوجوانوں کے زیرِ قیادت اسٹارٹ اپس کے ذریعے اب پائیدار آمدن حاصل کر رہی ہیں۔ انڈس ریسورس سینٹر (IRC) جیسے مقامی شراکت داروں اور کمیونٹی چیمپئنز کے ساتھ مل کر رائٹ ٹو پلے نے سیالکوٹ میں ’’پروین الٰہی گرلز اسپورٹس سینٹر‘‘ کا افتتاح کیا، جس میں 500 سے زائد کمیونٹی اراکین شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں ہنگامی حالات میں تعلیم کے لیے نفسیاتی و سماجی معاونت (PSS) کے ایک فریم ورک کو باضابطہ شکل دی گئی، جسے SELD اور یونیسیف کی توثیق حاصل ہے۔ ادارہ جاتی کارکردگی کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائٹ ٹو پلے پاکستان کے کل اخراجات کا 93.7 فیصد (397.9ملین روپے) براہِ راست مؤثر پروگراموں پر خرچ ہوا۔
2026 اور اس کے بعد کے لیے رائٹ ٹو پلے پاکستان نے سرکاری اسکولوں کے نیٹ ورک میں سماجی و جذباتی اور کھیل پر مبنی تدریس کو وسعت دینے، اور ملک بھر میں نوعمر لڑکیوں کے لیے جامع تحفظ اور معاشی مواقع کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔







