پاکستان کے نامور سینئر ٹینس سٹار،سابق نیشنل چیمپئن اور ڈیوس کپ پلیئر رشید احمد ملک (ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز) نے تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقدہ باوقار آئی ٹی ایف ماسٹرز MT700 ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز 55 پلس ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر کے ملک کا نام روشن کر دیا
آئی ٹی ایف پتایا ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ،رشید ملک نے مینز 55 پلس ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

مزید خبریں
لاہور۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان کے نامور سینئر ٹینس سٹار،سابق نیشنل چیمپئن اور ڈیوس کپ پلیئر رشید احمد ملک (ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز) نے تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقدہ باوقار آئی ٹی ایف ماسٹرز MT700 ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز 55 پلس ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر کے ملک کا نام روشن کر دیا۔رائل کلف ہوٹل پتایا میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں رشید ملک اور ان کے جرمن پارٹنر ایکسل ہیمپے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تھرڈ سیڈ نیوزی لینڈ کی جوڑی فلپ ہیمپسٹیڈ اور وارن لووگروو کو ایک گھنٹہ 40 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد 4-6، 6-2 اور 3-10 سے اپ سیٹ شکست دی۔
قبل ازیں سیمی فائنل میں بھی پاک جرمن جوڑی نے ٹاپ سیڈ بھارتی جوڑی بال کرشن بھاٹیہ اور جے پرکاش نشاد کو 1-6، 2-6 سے آئوٹ کلاس کیا تھا۔یہ کامیابی اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ 60 پلس کیٹیگری کے کھلاڑی ہونے کے باوجود رشید ملک نے کم عمر حریفوں کے خلاف میدان میں اتر کر غیر معمولی پھرتی اور شاندار تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ مزید برآں کہنی کی انجری کے باعث مینز 60 پلس سنگلز ایونٹ سے دستبردار ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت نہ ہاری اور ڈبلز مقابلوں میں فتح کا پرچم لہرا دیا۔







