پاکستان کی سات علاقائی ممالک کو برآمدات میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 25.59 فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک،ادارہ شماریات

199
State Bank and Pakistan Bureau of Statistics
State Bank and Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی سات علاقائی ممالک کو برآمدات میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 25.59 فیصد اضافہ ہوا۔سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کے مطابق افغانستان ، چین ، بنگلہ دیش ، سری لنکا ، بھارت ، نیپال اور مالدیپ کو جولائی کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 339.880 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو ملک کی مجموعی برآمدات 2390.595 ملین ڈالر کا 14.21 فیصد ہے۔دیگرپڑوسی ممالک کے مقابلے میں چین پاکستانی برآمدات کے حوالے سے سرفہرست ہے۔جولائی میں چین کو پاکستان کی برآمدات کاحجم 160.10ملین ڈالرریکارڈکیا گیاجو گزشتہ سال جولائی کے 153.74ملین ڈالر سے زیادہ ہے، جولائی میں افغانستان کو برآمدات کاحجم 88.065 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا ۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں بنگلہ دیش کو برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 8.65 فیصد اضافہ ہوا ، جولائی میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو57.86ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال جولائی میں 53.25ملین ڈالرتھا۔اسی طرح سری لنکا کو برآمدات کاحجم 32.71ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی کے 20.46ملین ڈالرکے مقابلے میں 59.86فیصدزیادہ ہے۔جولائی میں نیپال کو پاکستانی برآمدات کاحجم 0.21ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی میں0.15ملین ڈالرتھا۔ مالدیپ کو برآمدات 15.51 فیصد اضافے سے گزشتہ سال جولائی کے 0.793 ملین ڈالر سے بڑھ کر رواں سال 0.916 ملین ڈالر ہو گئیں۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں سات علاقائی ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیاد پر51.54فیصداضافہ ہوا، جولائی میں سات علاقائی ممالک سے درآمدات پر1.506 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہوا جوگزشتہ سال جولائی میں 994ملین ڈالرتھا۔