پاکستان کی سلامتی وتحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں ،بحیثیت قوم مل کر اپنے ملک کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

115
Abdul Khabir Azad
Abdul Khabir Azad

کوئٹہ۔ 03 جنوری (اے پی پی):چیئرمین رویت ہلال کمیٹی اور چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس کو علماء کرام و مشائخ عظام منبر ومحراب کے ذریعے ہر گھر کی آواز بنادینگے، پاکستان کی سلامتی وتحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں اورقومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،

ہم بحیثیت قوم مل کر اپنے ملک کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے پاکستان کی سلامتی و دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیکر وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے،

پاکستان کے تحفظ وسلامتی کے لیے تمام علماء کرام اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،آرمی چیف جنرل سید حافظ عاصم منیر کا وطن عزیز کے تحفظ، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے بیان پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کا ثبوت دیا ہے، آج پوری امت مسلمہ فلسطین و غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے، غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا ہم سب پر فرض عین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن ہے،جو احترام انسانیت، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور تشدد سے پاک معاشرے کا درس دیتا ہے، پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے منبر و محراب کی بھرپور تائید سے دشمن کی ناپاک سازشیں ناکام ہوئی ہیں،پیغام پاکستان وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کمر کو توڑا ہے،پاکستانی قوم متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گی،دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دینگے،

دشمن قوتیں ہمیں لڑا کر ہمارے اندر انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں جسے اتحاد و اتفاق سے ناکام بنادینگے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام غیور، ایماندار اور محب وطن ہیں، بلوچستان کے لوگوں نے ہمیشہ ملکی سلامتی کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

پیغام امن کانفرنس سے بلوچستان کے جید علماء کرام اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مشائخ عظام پیر حبیب اللہ شاہ چشتی، مولانا انوارالحق حقانی، قاری عبد الحفیظ ، علامہ سید ہاشم موسوی، پادری سائمن بشیر، مولانا محمد جان قاسمی، مفتی روزی خان، سید غلام حسین گیلانی, قاری عبد الرشید ہزاروی، سردار جسبیر سنگھ، علامہ سید نصر اللہ الحسینی، مولوی عتیق اللہ، مولانا مختیار احمد حبیبی، ڈاکٹر عطاء الرحمان، شیخ ولادت حسین جعفری، قاری مہر اللہ، مولانا حزب اللہ عثمانی، مولانا راز محمد اچکزئی، علامہ ڈاکٹر محمد موسی حسینی، مولانا ارشاد اللہ، مولانا سندر سعید، سردار اقبال خلجی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان امن کانفرنس پورے پاکستان کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے،

پاکستان میں کسی کو بھی انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے کی قطعا ًاجازت نہیں دی جائے گی ،ہم ملک کے خلاف دشمن کے کسی ایجنڈے و سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، بلوچستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے ہم اپنے ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنائینگے، پیغام پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے ،آئیں ملکر اس بیانیے کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، کانفرنس کے آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ و فلسطین کے مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔