اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):پاکستان نے غیرقانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے شوپیاں میں مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیہمانہ واقعہ قابض بھارتی افواج کا غیرانسانی طرز عمل اور ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عکاس ہے۔ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں ایک مسجد میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ اور گرنیڈ پھینکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 9 اپریل کو یہ واقعہ نام نہاد تلاشی اور چھاپوں کی کارروائی کی آڑ میں کیاگیا۔بہیمانہ واقعہ کشمیریوں اور مقبوضہ خطے میں بھارت کی کھلی ریاستی دہشت گردی کا ایک اورواضح ثبوت ہے۔ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کا غیرانسانی طرز عمل ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ خطے کے عوام کی مذہبی و ثقافتی شناختی کو نشانہ بنانا عالمی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے بہیمانہ استعمال اورمذہبی مقامات کو نشانہ بناکر بھارت کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق استصواب رائے کے منصفانہ حق کی حمایت جاری رکھیں گے۔