اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):پاکستان نے قابض اسرائیلی حکومت اور غیر قانونی آباد کاروں کے تازہ ترین اشتعال انگیز اقدامات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جن کا مقصد مسجد اقصیٰ کی مذہبی، تاریخی اور قانونی حیثیت کو نقصان پہنچانا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات ناقابل قبول اور یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں، اس سے خطے میں پہلے سے غیر مستحکم صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقدس مقامات کے تقدس اور تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے اور اسرائیل کو مزید اشتعال انگیزی سے روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان قابض طاقت کی طرف سے غزہ میں فلسطینی شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والے سکول کے خلاف تازہ ترین قابل مذمت حملہ اسرائیل کی مسلسل استثنیٰ کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد دنیا نے دل دہلا دینے والی تصاویر دیکھی ہیں، اس حملہ کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے جن میں سے بہت سے بچے بھی شامل ہیں جس پر عالمی برادری کو جاگ جانا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملے فوری طور پر ختم ہونے چاہئیں اور اسرائیل کو اس کے گھنائونے جرائم کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔
پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔