پاکستان کی لبنان کی وادی بیکا اور بعلبک کے علاقے پر حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

99

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے لبنان کی وادی بیکا اور بعلبک کے علاقے پر حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی جانوں کا المناک نقصان ہوا اور 10لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ فضائی حملے لبنان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شمالی غزہ کے لوگوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور بیت لاہیا پر اندھا دھند فضائی حملے کی بھی مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ مسلسل اور مکمل استثنیٰ کے ساتھ بغیر کسی وارننگ کے گنجان آباد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون اور انسانی مصائب کے لئے اسرائیلی نفرت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کا محاصرہ اور مسلسل اسرائیلی حملے غزہ کے پہلے سے تباہ حال عوام پر مصائب، تباہی اور بڑی تعداد میں اموات کا باعث بن رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے وقت میں جب فلسطینی عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فوری ضرورت ہے ،اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے مشرق وسطیٰ میں امدادی کارروائیوں کو ختم کرنے کی کوششیں ناقابل قبول اور اس کے اہم کاموں کو انجام دینے سے روکنا اسرائیل کی فلسطینی عوام کو غیر انسانی سلوک بنانے کی منظم مہم کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین اور لبنان میں دشمنی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں، عالمی برادری کو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کو ختم کرنے کے لئے قدم بڑھانا چاہئے، ہم عالمی برادری پر بھی زور دیتے ہیں کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان لبنان اور فلسطین کے عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، گزشتہ ہفتے پاکستان نے انسانی امداد کے مزید 2 طیارے لبنان بھیجے، اب تک پاکستان سے چار خصوصی کارگو طیارے ضروری انسانی سامان کے ساتھ لبنان پہنچ چکے ہیں۔