اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان کے لئے مشن چیف ہیرالڈ فنگر نے پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے تین سالہ توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کی تکمیل کو قابل ذکر کامیابی قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بتدریج بحالی نمو، توانائی کی فراہمی میں بہتری اور سی پیک جیسے محرکات کے نتیجے میں پاکستانی معیشت نئے اور پائیدار راستے پر گامزن ہو جائے گی۔ ایک انگریزی روزنامہ میں شائع کئے گئے اپنے مضمون میں انہوں نے کہا کہ صرف تین سال قبل پاکستان کی معیشت مشکلات کا شکار تھی تاہم حالات بہتر ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں مختلف اقدامات کے ذریعے پاکستان اپنے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو تین گنا تک بڑھانے میں کامیاب رہا ہے جس سے اس کی ممکنہ معاشی دھچکوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔