اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت نے سال 2020 میں لچک اوراستقلال کامظاہرہ کیاہے۔ یہ بات پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرژیاوہانگ یونگ نے سال نوکے موقع پراپنے پیغام میں کہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نے 2020، جو ایک مشکل سال تھا، میں ملکی معیشت کومشکلات سے نکالنے کیلئے بہترکارگردگی کامظاہرہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ کووڈ 19 کی عالمگیروبا سے نمٹنے میں ایشیائی ترقیاتی بینک ان اولین کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں میں شامل تھا جس نے پاکستان کووبا سے نمٹنے کے لئے حفاظتی آلات، ادوایات اوردیگرمعاونت فراہم کی۔بینک نے وبا سے نمٹنے کے لئے طبی عملہ کوتربیت کی فراہمی میں بھی معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی میں پاکستان کے ساتھ معاونت کے معاملہ پربھی بات چیت ہورہی ہے۔پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک کے معاونتی فہرست کے اولین ممالک میں شامل ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک معاشی استحکام، بڑھوتری، استقلال ولچک، اورملازمتوں کے مواقع میں اضافہ کی کوششوں کے ذریعہ ملک کی معاشی بحالی کی جدوجہد میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے سال نوکے موقع پرپاکستان کے عوام کومبارکباد دی ہے اوران کے لئے نیک خواہشات اورتمناوں کااظہارکیا۔