اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان نے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے جس میں مبینہ طور پر ایک افغان شہری ملوث ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں لقمہ اجل بننے والے سپاہی کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔ …
پاکستان کی واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان نے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے جس میں مبینہ طور پر ایک افغان شہری ملوث ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں لقمہ اجل بننے والے سپاہی کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ساتھ امریکا کی حکومت اور عوام سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ ٹارگٹڈ حملہ بلاشبہ دہشت گردی کی کارروائی اور امریکا کی سرزمین پر ایک گھناؤنا حملہ ہے۔ پچھلی دو دہائیوں سے پاکستان نے اسی طرح کے بے شمار دہشت گردی کے واقعات کا سامنا کیا ہے جن کا واضح تعلق افغانستان سے ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ واقعہ بین الاقوامی دہشت گردی سے درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرتا ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
یہ واقعہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے ایک پریشان کن رجحان کی واپسی کا عندیہ دے رہا ہے، اس لیے عالمی برادری کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے اور انسداد دہشت گردی میں اجتماعی کوششوں کو تقویت دینا چاہیے۔ بیان کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے امریکا اور وسیع تر عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔








