31.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاکستان کی پہلی خاتون مزدور رہنما کنیز فاطمہ کے انتقال پر اظہارِ...

پاکستان کی پہلی خاتون مزدور رہنما کنیز فاطمہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت،مزدور برادری سوگوار، مزدوروں کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات پرخراجِ عقیدت

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):ورکرز ایمپلائرز بائی لیٹرل کونسل آف پاکستان (ویب کاپ) نے پاکستان کی پہلی ممتاز خاتون مزدور رہنما اور ویب کاپ کی بانی نائب چیئرپرسن کنیز فاطمہ المعروف باجی کے طویل علالت کے بعد انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملک بھر سے ویب کاپ کے ارکان نے کنیز فاطمہ کی مزدوروں کے حقوق اور وقار کے لیے کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ کنیز فاطمہ نے ہمیشہ خواتین کے ساتھ مساوی سلوک، انہیں تحفظ فراہم کرنے اور کام کی جگہ پر امتیازی سلوک، ہراسانی اور تشدد کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔کنیز فاطمہ ویب کاپ کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرنے والی شخصیات میں شامل تھیں اور انہیں متفقہ طور پر نائب چیئرپرسن منتخب کیا گیا۔ یہ عہدہ انہوں نے اپنی صحت کی ناسازی تک بڑی لگن سے نبھایا۔

ان کا مزدور اور صنعتی ترقی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کا نظریہ اس وقت بھی نمایاں ہوا جب انہوں نے اس وقت کے صدر جنرل پرویز مشرف کو صنعتی ترقی کے لیے مضبوط پالیسی سازی کا مشورہ دیا۔انہوں نے زندگی بھر خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت کو نہ صرف سراہا بلکہ متعدد خواتین کی رہنمائی اور تربیت بھی کی۔ ان کی قیادت نے مزدوروں اور آجرین کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کیا، اور انہیں دونوں فریقین کا اعتماد اور احترام حاصل رہا۔پاکستان نے مزدور تحریک کی ایک عظیم رہنما کھو دی ہے ایک ایسی آواز جو دیانت، استقامت اور اتحاد کی علامت تھی۔ ویب کاپ ان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ، ساتھیوں اور تمام مزدور برادری کے ساتھ غم میں شریک ہے۔

- Advertisement -

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595322

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں