اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے یمن کے عدن ہوائی اڈے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بدھ کو یمن میں عدن کے ہوائی اڈے پر دہشت کرد حملے کی پر زور مذمت کی ہے ،جس میں ملک کی نئی حکومت کے کابینہ ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔پاکستان نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔پاکستان نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف وحشیانہ تشدد اور دہشت گرد کارروائی کے لحاظ سے قابل مذمت ہے بلکہ یہ اس لحاظ سے قابل مذمت ہے کہ یہ سعودی عرب کی حالیہ کاوشوں اور ان مثبت نتائج کو ختم کرنیکی کوشش ہے،جس کامقصد یمن میں امن و سلامتی کو فروغ دینا تھا۔پاکستان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کی علاقائی سالمیت کے احترام کو یقینی بنانے اور ملک میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کی کوششوں کی حمایت کریں۔