پاکستان کی 7 علاقائی ممالک کو برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 4.09 فیصد کا اضافہ

130
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):پاکستان کی 7 علاقائی ممالک کو برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 4.09 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ۔ ادارہ شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4ماہ میں چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال ، مالدیپ اور بھارت کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.506 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا ہے جو جاری مالی سال کےپہلے 4 ماہ میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا14.33 فیصد ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں مجموعی ملکی برآمدات کا حجم 10.50 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔ علاقائی ممالک میں پاکستانی برآمدات کے حوالے سے چین سر فہرست برآمدی ملک رہا۔ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 813.44 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 952.38 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 14.58 فیصد کم ہے۔ افغانستان کو اس مدت کے دوران 291.77 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 182.61 ملین ڈالر تھی۔ مالی سا ل کے پہلے 4 ماہ میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات میں 28.60 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی۔

مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 247.31 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 192.31 ملین ڈالر تھی۔ سری لنکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 148.93 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 115.25 ملین ڈالر تھی۔ نیپال کو مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 1.38 ملین ڈالر اور مالدیپ کو 1.74 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔