29.9 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے مواقع سے مستفید ہونے...

پاکستان کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے مواقع سے مستفید ہونے کیلئے ہنرمندی کی تربیت نہایت ضروری ہے، سینیٹر روبینہ خالد

- Advertisement -

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے مواقع سے مستفید ہونے کیلئے ہنرمندی کی تربیت نہایت ضروری ہے، ہنر مند افراد غیر ہنر مند افراد کے مقابلے میں جلدی روزگار حاصل کر لیتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ہزاع (HAZZA) انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے بورڈ ممبر محمد سلیم احمد رانجھا اور منیجنگ ڈائریکٹر اظہر اقبال سندھو سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے دوران ’’بینظیر ہنرمند پروگرام‘‘ کے تحت بی آئی ایس پی مستحقین کی سکل ٹریننگ کیلئے ایک مشترکہ پائلٹ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مجوزہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ابتدائی طور پر بی آئی ایس پی کے 50 مستحق افراد کو کنسٹرکشن، ہاسپٹیلٹی اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ ٹریننگ میں ملازمت کے دوران کام کرنے کے آداب و اخلاقیات اور ذاتی حفظان صحت جیسی سافٹ سکلزکی تربیت بھی دی جائیں گی ۔ مجوزہ پائلٹ پروجیکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ فراہم کردہ تربیت بین الاقوامی معیار کی ہو تاکہ ہمارے مستحقین نہ صرف ملکی ترقی میں کردار ادا کریں بلکہ اپنے خاندانوں کی کفالت بھی بہتر طریقے سے کر سکیں۔

- Advertisement -

سینیٹر روبینہ خالد نے ’’بینظیر ہنرمند پروگرام‘‘ کی ٹیم کے ہمراہ ہزاع (HAZZA) انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ایم ڈی اظہر اقبال سندھو اور سلیم احمد رانجھا نے ادارے کے آپریشنل فریم ورک، جاری تربیتی ماڈیولز اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے ان ٹرینیز سے بھی ملاقات کی جو اس وقت پلمبنگ، الیکٹریکل ورک، ویلڈنگ، سائبر ٹیکنالوجی، ڈرائیونگ اور کورین زبان میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے ٹرینیز سے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر ہیں، آپ کی پہچان آپ کا ملک ہے۔ اپنے اساتذہ اور بڑوں کا احترام کریں، اخلاق و رواداری کو اپنائیں، اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ سیاسی یا مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی کے لیے متحد رہیں۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں