پیرس ۔21ستمبر (اے پی پی):سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے صدر ایمانوئل میکرون کو انڈورا کے لئے بھی بیک وقت سفیر کی حیثیت سے اسناد سفارت پیش کیں۔ہفتے کے روز جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انڈورا کے دو سربراہان مملکت ہیں (شریک شہزادے جو فرانس کے صدر اور ارگل کے بشپ ہیں)۔ انڈورا کے لیے مقرر کئے جانے والے سفیروں کو ان دونوں کو اسناد پیش کرنا ہوتی ہیں۔
صدر میکرون نے انڈورا کی پرنسپلٹی کی طرف سے دو سربراہان مملکت رکھنے کے تاریخی انتظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انڈورا ایک منفرد ملک ہے۔ اس ملک کے پاس بہت سے وسائل ہیں، انہوں نے پہاڑی سیاحت اور مالیاتی خدمات میں ملک کی قیادت کا بھی حوالہ دیا۔اپنی سفارتی اسناد پیش کرتے ہوئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے پیرس اولمپکس کے کامیاب انعقاد پر صدر میکرون کو مبارکباد دی۔
انہوں نے صدر اور وزیراعظم کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور اندورا کے ساتھ بالخصوص پہاڑی سیاحت، موسمیاتی تبدیلی، کثیر جہتی فورمز، تعلیم اور مالیاتی خدمات میں تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔صدر میکرون نے ان کے خیالات کا خیرمقدم کیا اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔