پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، محمد نوازشریف

114

لاہور۔19فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، سیاست اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے ناواقف گروہ کو اب لانگ مارچ، دھرنوں اور پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، 2013ء میں تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہتا تو آج ہمیں نہ ’آئی ایم ایف ‘کی ضرورت ہوتی نہ کسی اور کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ میں اپنی اقامت گاہ پر سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں، اب ملک اللہ کے فضل وکرم سے ایک بار پھر اپنے پائوں پر کھڑا ہو رہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ان عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیے جو انتشار پھیلانے اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔