لاہور۔22مارچ (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے بر ٹش ہائی کمیشن کی پولیٹیکل کونسلر زو ویئر نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی،ملکی صورتحال اور پارلیمنٹ کی بالادستی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے لئے تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں برطانوی اداروں کی شراکت لائق تحسین ہے۔
پارلیمانی وفود کے تبادلے، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ تعاون کو انڈسٹری، زراعت اور دیگر شعبوں میں فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے، اگر نوجوان کو مناسب مواقع میسر ہوں تو بہترنتائج مل سکتے ہیں۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے پولیٹیکل کونسلر کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی اور کمیٹی سسٹم سے آگاہ کیا۔پولیٹیکل کونسلر زو ویئر نے ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پولیٹیکل کونسلر زو ویئر نے کہا کہ انگلینڈ میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں شاندار طریقے سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
برطانیہ اورپاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کے لیے ہم اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں برٹش ہائی کمیشن لاہور کی ہیڈ کلارا سٹرینڈ ہو اور پولیٹیکل ایڈوائزر برٹش ہائی کمیشن طلال رضا شریک تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈیشنل سیکرٹری ملک خلیل احمد، سٹاف آفیسر برائے سپیکر عماد حسین بھلی اور ترجمان اسمبلی را ئو ماجد علی بھی موجود تھے۔