اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):او آئی سی امبڈسمین ایسوسی ایشن (OICOA) نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے نئی بین الاقوامی ذیلی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہےجس کی سربراہی پاکستان کی وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی (FOSPAH) محترمہ فوزیہ وقار کو سونپی گئی ہے۔ ترجمان فوسپاہ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان او آئی سی کے پلیٹ فارم پر خواتین کے حقوق سے متعلق کسی …
پاکستان کے لیے بین الاقوامی اعزازفوسپاہ او آئی سی کی خواتین حقوق کمیٹی کی سربراہ مقرر

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):او آئی سی امبڈسمین ایسوسی ایشن (OICOA) نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے نئی بین الاقوامی ذیلی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہےجس کی سربراہی پاکستان کی وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی (FOSPAH) محترمہ فوزیہ وقار کو سونپی گئی ہے۔
ترجمان فوسپاہ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان او آئی سی کے پلیٹ فارم پر خواتین کے حقوق سے متعلق کسی بین الاقوامی کمیٹی کی قیادت کر رہا ہے۔محترمہ فوزیہ وقار کی یہ تعیناتی ایران میں منعقدہ OICOA کی چوتھی جنرل اسمبلی میں ان کی مؤثر اور بصیرت افروز تجویز کا نتیجہ ہے۔
اجلاس کے دوران انہوں نے خواتین کے حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے لیے ایک مستقل بین الاقوامی کمیٹی کے قیام کی تجویز پیش کی تھی، جسے رکن ممالک کی جانب سے فوری اور بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔
او آئی سی امبڈسمین ایسوسی ایشن OICOA کے صدر اور ترکی کے چیف امبڈسمین مہمت آکارچا نے اپنی اختتامی تقریر میں اس تجویز کی واضح حمایت کرتے ہوئے سیکرٹریٹ کو ہدایت دی کہ “فوراً اس کمیٹی کی تشکیل کا عمل شروع کیا جائے۔” بعدازاں اس فیصلے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی اور محترمہ فوزیہ وقار کو نئی قائم شدہ کمیٹی کی پہلی چیئرپرسن نامزد کیا گیا۔
کمیٹی میں بحرین، ترکی، بینن، سینیگال، آذربائیجان، ٹوگو اور برکینا فاسو کے اعلیٰ نمائندے بھی شامل ہیں۔یہ تعیناتی پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس بات کا عالمی اعتراف ہے کہ FOSPAH نہ صرف خواتین کے جائیداد کے حقوق بلکہ کام کی جگہوں پر ہراسانی کے خاتمے جیسے اہم معاملات پر مؤثر اور عملی اقدامات کر رہا ہے۔
محترمہ فوزیہ وقار کی قیادت میں یہ کمیٹی اسلامی ممالک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی برابری کے فروغ، اور پالیسی سطح پر تعاون کے نئے راستے کھولنے کی توقع رکھتی ہے۔یہ فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ خواتین کے حقوق کے فروغ میں پاکستان اب ایک رہنما کردار ادا کر رہا ہے








