پاکستان کے مغربی اور بالائی علاقوں میں (آج) بدھ سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گا ، این ڈی ایم اے کی متعلقہ اداروں اور محکموں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے مربوط اور فعال اقدامات کی ہدایات

151
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان کے مغربی اور بالائی علاقوں میں (آج) بدھ سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گا ، مغربی ہوائوں کے زیر اثر علاقوں میں 8 تا 10 فروری تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نئی موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لئے مربوط اور فعال اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ 8 فروری کو پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جو ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔

بالائی حصوں یہ موسمی نظام 10 فروری تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اس موسم کے زیر اثر 8 (رات) تا 9 فروری 2023 (بدھ اور جمعرات) بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن اور پشین کے علاقے میں ہلکی سے درمیانی آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ 8 (رات) تا 10 فروری 2023 (بدھ – جمعہ) خیبر پختونخواہ میں گلیات، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ہری پور اور ایبٹ آباد، گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور جبکہ پنجاب میں مری کے علاقے میں بارش ہوا/گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔ 9 تا 10 (صبح) فروری 2023 (جمعرات اور جمعہ) خیبر پختونخواہ میں کرک، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بونیر، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان، پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، خوشاب، میانوالی، اور سرگودھا۔اسلام آباد کے علاقے میں ہوا/گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کی روشنی میں مندرجہ ذیل علاقوں میں مخصوص اثرات متوقع ہیں لہذا تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ممکنہ خطرات سے خبردار رہنا چاہیے۔ مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں درمیانے درجے کی شدید برف باری سے راستے بند ہو سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ بالائی خیبرپختونخوا، گلیات، مری، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تمام اتھارٹیز ، متعلقہ اداروں، محکموں، وزارتوں کو مینڈیٹ کے مطابق اقدامات کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس سلسلے میں جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مقامی لوگوں، مسافروں اور سیاحوں کی رہنمائی کے لئے انتباہات جاری کرنے اور وسیع پیمانے پر آگاہی کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ موسمی خطرے سے دوچار / کمزور علاقوں میں مسافروں / سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو صورتحال کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں ۔ بوقت ضرورت ٹریفک کا رخ موڑ کر متبادل راستے فراہم کرنے کے لئے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچنے کے لیے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ شراکت داروں کی جانب سے مربوط اور فعال اقدامات کے ساتھ ساتھ اضافی وسائل مختص کئے جانے چاہئیں۔