پاکستان اورجمہوریہ کوریا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

پاکستان اورجمہوریہ کوریا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان اورجمہوریہ کوریا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اورپاکستان کی حکومت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیرسوسانگ پیو کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے محصولات طارق محمودپاشا اوروزارت خزانہ کے سینئرافسران بھی موجودتھے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات پرروشنی ڈالی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت کے تبادلہ اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ موجودہ حکومت باہمی دلچسپی کے دیگر مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ موجودہ دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح تک بڑھایا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے جمہویہ کوریا کے سفیر کو سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس سلسلے میں انہیں حکومت کی طرف سے تعاون اورسہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔

جمہوریہ کوریا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اوراسے مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اورکہاکہ ان شعبہ جات میں باہمی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کوخوش آئند قراردیا اور جمہوریہ کوریا کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔