اوٹاوا۔3جنوری (اے پی پی):کینیڈا میں پاکستان ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہےکہ پاکستان کے کینیڈا سے بہت اچھے تعلقات قائم ہیں جس میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک میں مزید سفری آسانیاں پیدا ہوں گی اوردونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات مزید بڑھیں گے، اس سلسلے میں کینیڈا میں رابطوں کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔کینیڈا کے ایک مقامی ٹی وی سے انٹرویو کے دوران ہائی کمشنر کہا کہ پاکستان کاوربار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر کھلا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔پاکستان میں کاروبار کرنے میں بڑے پیمانے پر آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔گوادر بندرگاہ کے کھلنے سے پاکستان خطے میں کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہےجس سے کینیڈین کمپنیاں بھی فائدہ اٹھا سکتی ہیں اور پاکستان میں کاروبار شروع کر کے خطے بھر میں اپنی مصنوعات کو با آسانی پہنچا سکتی ہیں۔اس مقصد کے لیے پاکستان ہائی کمیشن اور پاکستانی قونصلیٹس ہر طرح کی سہولت اور راہنمائی فراہم کرنے پر تیار ہیں۔ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا ذکر کرتے ہوئے رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی، قومی معاملات اور بالخصوص مشکل حالات میں پاکستان میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔پاکستانی کمیونٹی کو اپنے گروہی اور سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے اور اہم معاملات میں ایک یکجا سوچ اور انداز فکر اپنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے کیونٹی کی سطح پر پیار اور بھائی چارے کی روش اپنانا چاہیے اور کمیونٹی کے ارکان کے مابین ان کے سماجی رتبے اور سماجی قد کاٹھ سے اوپر اٹھ کر میل جول اور یگانگت نظر آنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری میں اہم مقام رکھتا ہے۔پاکستان ایک ایسا ملک ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان نے خطے کے مسائل کے حل اور امن و سلامتی کی کوششوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو نام نہاد منفی امیج کے پراپیگنڈے کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھنا چاہیے اور اپنی صدیوں پرانی ثقافت اور روایات کو اعتماد سے بیرونی دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔