21 C
Islamabad
بدھ, مارچ 26, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو حریف ممالک کی...

پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو حریف ممالک کی طرز پر مراعات دی جائیں، صنعت سے دور ہوتے ہنر مندوں کو راغب کرنے کیلئے حکومتی تعاون ناگزیر ہے، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں کمی کے تسلسل کو روکنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ حکومتی اداروں کو بلا تاخیر مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی ، صنعت کے مسائل اور رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے ان کے حل کیلئے تجاویز مرتب کی جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھے جانے والی اس صنعت کی بحالی کےلئے حکومت کی معاونت ضروری ہے۔

- Advertisement -

اس صنعت کو ہنر مندوں کی قلت کا بھی سامنا ہے تاہم پر کشش مراعات دے کر صنعت سے دور ہوتے ہنر مندوں کو دوبارہ راغب کیا جا سکتا ہے جس کیلئے حکومتی تعاون ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو روایتی اور غیر مقبول ڈیزائنز سے چھٹکارا حاصل کرکے جدید مہارت کے ذریعے اعلی معیار کے ساتھ نئے رجحانات خصوصاًجدید ڈیزائنوں کی تیاری کے لئے ریسرچ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔

اعجاز الرحمن نے حکومت سے درکار تعاون پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس صنعت کو بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے ترقی کے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں،حکومت اس صنعت پر نافذ کئے گئے ٹیکسزاور ڈیوٹیزکا جائزہ لے اور اسے روایتی حریف ہاتھ سے قالین بنانے والے ممالک کی طرز پر مراعات دی جائیں تاکہ یہ صنعت عالمی مارکیٹوں میں مقابلے کی دوڑ میں شامل رہ کر ملک کے لئے قیمتی زر مبادلہ کا حصول یقینی بنا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے متعلقہ تربیت کے مراکز قائم کرنے میں بھی تعاون فراہم کرے تاکہ افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ ہو اور انہیں عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔یہ اقدامات پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں کمی پر قابو پانے اور اس کی عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے نا گزیر ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575594

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں