اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ’’پاکستان سالگرہ مبارک، صرف 75 سالہ تاریخ میں بہت زیادہ فخر کے قابل، بہت زیادہ خوشی کے قابل، آپ کا نسلی تنوع، عظیم ثقافتی ورثہ، بے مثال اور خوش ذائقہ خوراک اور قدرتی مناظر سے بھرپور خطہ کا قابل فخر ہے‘‘۔
ہفتہ کو آسٹریلوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں ہائی کمشنر نے کہا کہ میرے لئے یہاں کا سب سے قیمتی اثاثہ پیار اور محبت کرنے والی عوام ہے جو ہمیشہ مسکراتے ہوئے ’’السلام علیکم‘‘کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ان پہلے ممالک میں شامل تھا جنہوں نے 1947 میں پاکستان کو تسلیم کیا، ہمارے عوامی رابطوں کی تاریخ 18ویں صدی تک پھیلی ہوئی ہے جب بلوچستان سے اونٹوں کے تاجر ہمارے ملک میں صحرائوں کے پار سامان کی ترسیل کے لئے انتہائی اہم تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تقریبا ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی آسٹریلیا کو اپنا وطن کہتے ہیں اور وہ ہمارے بین الثقافتی معاشرہ میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ہزاروں پاکستانی طلبا کی میزبانی کر رہے ہیں جو ہمارے عظیم شہروں اور بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹیوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔
مستقبل کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کو بعض مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ہمیں اور باقی تمام قوموں کو باہمی تعاون کرنا ہوگا اور بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ نیل ہاکنز نے مزید کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی اوربالخصوص آبی انتظام کار اورزرعی شعبہ میں آسٹریلیا کی مہارتیں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا میں کرکٹ کے حوالہ سے ایک مشترک جذبہ بھی موجود ہے اور ہم رواں سال کے اختتام پرٹی20 کی میزبانی کررہے ہیں اسی طرح 2023 کے آغاز پر پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی بھی میزبانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آغاز پر ہماری کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھرپور استقبال کیا گیا جس پر ہم فخر کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی ترقی، خوشحالی اور ہم آہنگی کیلئے خلوص سے دعاگو ہیں تاکہ اس دنیا میں پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق آگے بڑھ سکے۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میں آپ سب کو ہمت، امید اور اعتماد کا پیغام دیتا ہوں، آئیں ہم مل کر ایک منظم طریقہ سے اپنے وسائل سے استفادہ کے ذریعے مسائل کو دفن کرسکیں تاکہ ہمارا شمار دنیا کی عظیم قوموں میں کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=321841