پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالہ سے ٹریل 5 پر وفاقی وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے صفائی مہم کا آغاز ، حیاتیاتی تحفظ کیلئے معاشرے کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ،وفاقی وزیر شیریں رحمان

پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالہ سے ٹریل 5 پر وفاقی وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے صفائی مہم کا آغاز ، حیاتیاتی تحفظ کیلئے معاشرے کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ،وفاقی وزیر شیریں رحمان

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر شیریں رحمان نے کہا ہے کہ حیاتیاتی تحفظ کیلئے معاشرے کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ، عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک براہ راست متاثر ہوئے ،اسلام آباد دنیا کا واحد دارالحکومت ہے جو بہت بڑے نیشنل پارک کے انتہائی قریب واقع ہے، نیشنل پارک میں متنوع حیاتیات کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے، یہاں پر صدیوں پرانے درخت بھی موجود ہیں، گزشتہ سیزن کے دوران نیشنل پارک کی انتظامیہ نے آگ لگنے کے واقعات پر قابو پانے کے حوالہ سے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے حوالہ سے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں واقع ٹریل 5 پر وفاقی وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے صفائی مہم کا آغاز کیا گیا جس کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر شیریں رحمان تھیں۔ واک میں بڑی تعداد میں شہریوں اور سکول کے بچوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کا واحد دارالحکومت ہے جو بہت بڑے نیشنل پارک کے انتہائی قریب واقع ہے اور اس نیشنل پارک میںمتنوع حیاتیات کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ یہاں پر اڑھائی سو سال پرانے برگد کے درخت بھی موجود ہیں اور یہ ہمارا قومی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے نیشنل پارک کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیزن کے دوران آگ لگنے کے واقعات پر قابو پانے کے حوالہ سے انتظامیہ نےنمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیاتیاتی تحفظ کیلئے معاشرے کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے چونکہ اسلام آباد کا حسن اس نیشنل پارک کی وجہ سے ہے جو ہزاروں ایکڑ پر محیط ہے اور آج کی تقریب میں سکول کے بچوں کو اس لئے بلایا گیا ہے کہ تاکہ انہیں آگاہی دی جاسکے کہ نیشنل پارک میں کوڑا کرکٹ نہیں پھینکنا چاہئے۔

انہوں نے نیشنل پارک میں آنے والے سیاحوں سے درخواست کی کہ وہ تفریح اور ٹریکنگ کیلئے آتے وقت پلاسٹک بوتلیں اور تھیلیاں ساتھ نہ لائیں کیونکہ یہ جنگلی حیاتیات اور ماحول کیلئے نقصان دہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین پاکستان ہماری ماں ہے اور ہمیں ہی اس کا خیال رکھنا ہے، درخت نہ صرف ہمیں چھائوں دیتے ہیں بلکہ یہ ہماری آب و ہوا کو بھی صاف ستھرا رکھتے ہیں اسی ضمن میں کل وزیراعظم پاکستان کے ساتھ قومی سطح پر مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ نیشنل پارک میں متنوع حیاتیات کو ہم تحفظ فراہم کریں اور ان کو پنجروں میں قید کرنے کی بجائے آزاد فضاء میں ان کے مطابق ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں پنجاب میں سموگ کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے، یہ قدرت کی طرف سے نہیں ہے یہ گردوغبار اور کیمیکل کی اخراج کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے لہذا یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس پر قابو پائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کا نیشنل پارک یہاں کا حسن ہے، یہاں ہزار سیاح آتے ہیں اورقدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں نہ صرف اسلام آباد بلکہ ہمارا پورا ملک قدرتی نظاروں اور گلیشیئرز سے مالا مال ہے۔ عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجہ میں یہ گلیشیئرز بھی پگھل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور اشرف المخلوقات ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم دوسری حیاتیات کو تحفظ دیں نہ کہ ان کو قید کریں اور ان کا شکار کریں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت مون سون کی وجہ سے بلوچستان، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بارشوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پرنقصانات ہوئے ہیں جن کے ازالے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اوردیگر متعلقہ ادارے مصروف عمل ہیں۔

تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر شیری رحمان نےشرکاء اور والنٹیئرز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اورسکول کے بچوں کے ساتھ مارگلہ ہلز کی صفائی مہم کا آغاز کیا۔