کمشنرکراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ ادارے اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے قومی جذبہ سے کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر کراچی نے اپنے دفتر میں بل اینڈ گیٹس فائونڈیشن واشنگٹن کے نمائندے ڈاکٹر نہد صدر آزودی سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر کمشنر کراچی نے انہیں کراچی میں انسدادپولیو کی جدوجہد سے …
پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،کمشنر کراچی
کراچی۔ 05 جون (اے پی پی):کمشنرکراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ ادارے اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے قومی جذبہ سے کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر کراچی نے اپنے دفتر میں بل اینڈ گیٹس فائونڈیشن واشنگٹن کے نمائندے ڈاکٹر نہد صدر آزودی سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر کمشنر کراچی نے انہیں کراچی میں انسدادپولیو کی جدوجہد سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ای او سی انتظامیہ اور محکمہ صحت پولیو کے خاتمہ کیلئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں۔بل اینڈ گیٹس فائونڈیشن کے نمائندے اور کمشنر کراچی کے درمیان پولیو وائرس کے خاتمہ کے لئے معمول کے ٹیکہ جات کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے بارے میں مشاورت کی گئی ۔کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے روٹین امیونائزیشن پر توجہ شروع کی گئی ہے جس سے ماحول میں پولیو وائرس کے خاتمہ کی کوششوں میں مدد ملی ہے اور ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 12حساس یو نین کونسلوں میں سے دس یونین کونسلوں کے تجزیاتی نمونے نیگیٹو ہو چکے ہیں یہ ایک اہم پیش رفت ہے اس سے مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی امید ہے ماحول میں گردش کرنے والے پولیو وائرس کو جلد ختم کر لیں گے ۔انہوں نے بل اینڈ گیٹس فائونڈیشن واشنگٹن کے نمائندے کو بتایا کہ روٹین امیونائزیشن(معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات ) کو مستحکم کر نے کے نتیجے میں زیرو کوریج میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ،چیف سیکرٹری سندھ اور صوبائی وزیر صحت کی انسدا د پولیو کاز پر خصوصی توجہ ہے ۔اس موقع پر ای پی آئی کے نمائندے ڈاکٹر احسان اللہ خان اور پولیو کو آ رڈی نیٹر کمشنر کراچی سعود یعقوب بھی موجود تھے۔








