پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے انڈیا کے ہندو زائرین کے گروپ کو کٹاس راج، چکوال کے دورے کے لئے 62 ویزے جاری کر دیئے

86

نئی دہلی۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے انڈیا کے ہندو زائرین کے گروپ کو پاکستان کے ضلع چکوال میں واقع کٹاس راج کے دورے کے لئے 62 ویزے جاری کر دیئے ہیں۔ پیر کو پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہندو زائرین کا یہ گروپ 19 سے 25 دسمبر 2023ء تک پنجاب کے ضلع چکوال میں واقع شری کٹاس راج مندروں (قلعہ کٹاس) کا دورہ کرے گا۔ ناظم الامور پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی اعزاز خان نے ہندو زائرین کے پاکستان میں محفوظ سفر اور یادگار قیام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ مذہبی مقامات کے دوروں کے بارے میں 1974ءکے پاکستان انڈیا پروٹوکول کے تحت ہر سال ہزاروں سکھ اور ہندو یاتریوں کو پاکستان میں مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے ویزے جاری کئے جاتے ہیں۔ ہندو یاتریوں کو ویزوں کا اجراءحکومت پاکستان کی مذہبی عبادت گاہوں کے دوروں میں سہولت فراہم کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں کے عزم کا اظہار ہے۔