پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان میں گوگل کے باضابطہ مقامی پارٹنر ‘ٹیک ویلی پاکستان’ کے درمیان ہاکی کی انتظامی امور، کھلاڑیوں کی تربیت اور مداحوں کی دلچسپی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان ہاکی کی انتظامی امور، کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان میں گوگل کے باضابطہ مقامی پارٹنر ‘ٹیک ویلی پاکستان’ کے درمیان ہاکی کی انتظامی امور، کھلاڑیوں کی تربیت اور مداحوں کی دلچسپی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پی ایچ ایف کے صدر جناب محی الدین احمد وانی اور ٹیک ویلی پاکستان کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب عمر فاروق نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ اس موقع پر گوگل کے عالمی نمائندے بھی موجود تھے۔ طے پانے والے اس معاہدے کے تحت ٹیک ویلی کو تین سال کے لیے پی ایچ ایف کا آفیشل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔اس شراکت داری کے تحت پی ایچ ایف، اس سے منسلک علاقائی ایسوسی ایشنز اور سلیکشن کمیٹیوں کے درمیان ڈیجیٹل مواصلات اور ریکارڈ کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر اور منظم بنایا جائے گا۔ اس کا مقصد ماضی کے میچز کی تفصیلات، کھلاڑیوں کے تمام ریکارڈز اور انتظامی دستاویزات کو ایک مرکزی ڈیجیٹل سسٹم میں منتقل کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک ‘ڈیجیٹل پلیئر پرفارمنس اینڈ ٹیلنٹ ڈیٹا بیس’ قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جو گراس روٹ اور کلب ہاکی سے لے کر قومی ٹیم تک کھلاڑیوں کی کارکردگی، میڈیکل ہسٹری اور فٹنس کا ریکارڈ رکھے گا۔ مزید برآں، فریقین کوچنگ سٹاف کو میچز کی فوٹیج کے تجزیے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پرکھنے اور حریف ٹیموں کے خلاف حکمت عملی تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید تجزیاتی ٹولز فراہم کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ ایم او یو میں پی ایچ ایف کے منتظمین، کوچز اور سپورٹس مینجرز کے لیے تربیتی اور سرٹیفیکیشن پروگرام شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ریجنل ہاکی اکیڈمیوں کو کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور میچ رپورٹس مرتب کرنے کے لیے ڈیجیٹل آلات کا استعمال سکھایا جائے گا۔
ٹیک ویلی کی جانب سے تمام تکنیکی مشاورت، ڈیٹا کی منتقلی اور اس منصوبے کی کوآرڈینیشن کے لیے پروجیکٹ لیڈز کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس تعاون کا ایک اور اہم مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے میچز کے سنسنی خیز اور بروقت نتائج، پرانے میچز کے آرکائیوز، لائیو سٹریمنگ اور شائقین کی سنسنی کو برقرار رکھنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ان خدمات کو بنیادی کام کے آغاز کے بعد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایم او یو بذاتِ خود کوئی مالیاتی پابندی عائد نہیں کرتا، تمام متعلقہ اخراجات، لائسنس اور سافٹ ویئر کی خریداری کے لیے بعد میں الگ الگ معاہدے کیے جائیں گے۔








