پنجاب بھر میں فصل کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے نشاندہی پر ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا
پنجاب بھر میں فصل کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے نشاندہی پر ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 24 ستمبر (اے پی پی):پنجاب بھر میں فصل کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے نشاندہی پر ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس حوالےسے فیصل آباد میں سموگ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، شہریوں اور کسانوں کے نام آگاہی پیغام جاری اور صفائی مہم میں تعاون کی اپیل کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر ضیاء اللہ گوندل نے اپنے دفتر میں میڈیا سے تعارفی ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا کے توسط سے سموگ، تجاوزات اور صفائی کے حوالے آگاہی پیغامات جاری کئے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیاء اللہ گوندل نے اپنے دفتر میں مقامی صحافیوں سے تعارفی ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے شہر کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ویڈیو بیان میں اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں بالخصوص کسان بھائیوں کے نام اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کا سیزن شروع ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے نمبرداران کانفرنس منعقد کی گئی ہے اور مساجد میں اعلانات بھی کروا دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ پنجاب کو سموگ فری بنایا جائے۔ گلوبل کلائمیٹ چینج ہماری نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے،کسان فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں، ورنہ سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے نشاندہی پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ سموگ کے تدارک کے لیے فیصل آباد میں سموگ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے ،جہاں مانیٹرنگ جاری ہے۔ تجاوزات کے خلاف نرمی سے سختی کی پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے بتایا کہ بازاروں کے دورے کے دوران دیکھا گیا کہ دکانداروں نے 10 سے 12 فٹ تک سامان باہر رکھا ہوا ہے،کاروباری حالات کے پیش نظر پہلے جرمانے کی بجائے گائیڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں ، ریڑھی بانوں کے لیے جگہ مختص کر کے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ستھرا پنجاب مہم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پر تنقید تو سب کرتے ہیں لیکن ہم اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے، کوڑا دان کے باہر کوڑا پھینک دیا جاتا ہے، گلیوں میں جانور باندھنے سے نالیاں بند اور گندہ پانی کھڑا ہوتا ہے جس سے ڈینگی سمیت کئی بیماریاں پھیلتی ہیں۔انہوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اتوار تک بازاروں اور شہر کے اندر سے جانوروں کو سائیڈوں پر منتقل کر دیا جائے بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ ایک قدیمی اور ثقافتی شہر ہے، یہاں کے لوگ انتہائی مثبت ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی سربراہی میں عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت موجود ہے، شہری بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ جڑانوالہ کو ایک پرامن اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔








