محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا کا مرغابی شکار کے رواں سیزن حوالے نیا ہدایت نامہ جاری

محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے مرغابی شکار کے رواں سیزن کے حوالے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق واٹر فاؤل ہنٹنگ سیزن 31 دسمبر 2026 تک جاری رہے گا تاہم شکار کے لیے مخصوص دنوں اور مقررہ حدود کی پابندی لازمی ہوگی، شکار صرف 3 دن یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کیا جاسکے گا

پشاور۔ 24 ستمبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے مرغابی شکار کے رواں سیزن کے حوالے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق واٹر فاؤل ہنٹنگ سیزن 31 دسمبر 2026 تک جاری رہے گا تاہم شکار کے لیے مخصوص دنوں اور مقررہ حدود کی پابندی لازمی ہوگی، شکار صرف 3 دن یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کیا جاسکے گا ۔شکاریوں کے لیے سمال گیم شوٹنگ لائسنس حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہےجبکہ سالانہ لائسنس کی فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔محکمہ وائلڈ لائف نے ایک شکاری کے لیے روزانہ مرغابیوں کے شکار کی زیادہ سے زیادہ حد 5 پرندے مقرر کی ہے۔اسی طرح ایک بندوق کے ذریعے بھی روزانہ 5 پرندوں سے زیادہ شکار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، شکار کی فیس 100 روپے فی پرندہ مقرر کی گئی ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق تمام ڈیمز، جھیلوں، تالابوں اور بیراجوں پر مرغابیوں کے شکار پر پابندی ہوگی۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے 53 مقامات پر نقل مکانی کرنے والی مرغابیوں کے شکار کی اجازت نہیں ہوگی۔محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختونخواکے مطابق سورج طلوع ہونے سے پہلے اور غروب ہونے کے بعد مرغابیوں کا شکار کرنے پر پابندی ہوگی۔شکار کے دوران الیکٹرانک گیجٹس اور کال برڈز کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔اعلامیے میں مقررہ حد سے زائد مرغابیوں کا شکار کرنے پر جرمانے بھی مقرر کیے گئے ہیں، مقررہ شکار کی حد سے زائد ہر پرندے پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔محکمہ وائلڈ لائف خیبرپختونخوا کے مطابق شکار کے سیزن کے دوران نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع برقرار رکھنے کے لیے شکار کی سخت نگرانی کی جائے گی۔محکمہ وائلڈ لائف نے شکاریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شکار کے لیے مقررہ دنوں، مقامات، اوقات اور تعداد کی پابندی کریں تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قواعد پر عملدر آمد یقینی بنایا جاسکے۔