فیصل آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن اور فیصل آباد ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام مدینہ ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم فیصل آباد میں سیکنڈ چیف آف آرمی سٹاف انٹر کلب نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا جس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد علی اولمپین تھے۔مذکورہ نیشنل انٹر کلب چیمپئن شپ میں ڈسٹرکٹ فیصل آباد کے رجسٹرڈ ہاکی کلب حصہ لے رہے ہیں۔
یہ چیمپئن شپ 6 روز تک جاری رہے گی۔ایونٹ کے پہلے روزچار میچ کھیلے گئے جن میں پہلا میچ محمد والا اور فغان ہاکی کلب کے درمیان ہواجو محمد والا ہاکی کلب نے 0-7سے جیت لیا۔ دوسرا میچ پینتھر ہاکی کلب اور ڈجکوٹ ہاکی کلب کے درمیان ہوا ،جو پینتھرہاکی کلب نے 3-7 سے جیت لیا۔ تیسرا میچ پی سی ہاکی کلب اوربراک ہاکی کلب کے درمیان کھیلا گیا،جو براک ہاکی کلب نے 0-8 سے جیت لیا۔اسی طرح چوتھا اور آخری میچ طارق ہاکی کلب اور منصور ہاکی کلب کے درمیان کھیلا گیا ،جو طارق ہاکی کلب نے 0-3سے جیت لیا۔
مجاہد حسین شاہ انٹرنیشنل کوچ و نیشنل اتھلیٹ نے مذکورہ میچز کے مہمان خصوصی اولمپین رانا مجاہد علی سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کلبوں کے کھلاڑیوں کا تعارف کروایا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر شاہد تنویر گل،اولمپین شفقت ملک، اولمپین شیخ عثمان، اولمپین ندیم، این ڈی انٹرنیشنل شہزاد احمد چشتی، رانا خالد اقبال، حافظ ریحان بھی موجود تھے۔
مجاہد علی اولمپین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس چیمپئن شپ کے انعقاد میں چیف آف آرمی سٹاف کا بہت بڑا کردار ہے جبکہ مذکورہ نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ سے گراس روٹ لیول سے ہاکی میں بہتری آئے گی۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ بہت جلد ہاکی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہو جائے گا جس میں کھلاڑیوں کے لیے چینجنگ روم، بیٹھنے کے لیے سیٹس اور دیگر تعمیراتی کام شامل ہیں۔ آخر میں رانا مجاہد علی اولمپین نے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اورمیچز کو دیکھنے کے لیے آنے والے معززین کا شکریہ ادا کیا۔