پاکستان ہر سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا، وجیہہ قمر

وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نےکشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کا بھارت کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کی صریحاً خلاف ورزی تھا

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نےکشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کا بھارت کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کی صریحاً خلاف ورزی تھا، پاکستان ہر سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔بدھ کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر جاری بیان میں وزیرِ مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کا خاتمہ، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں اور بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی نفی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت اور جبر کے ذریعے کسی قوم کی شناخت، تاریخ، ثقافت اور آزادی کی امنگ کو دبایا نہیں جا سکتا۔وجیہہ قمر نے کشمیری عوام کی قربانیوں، استقامت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا آیا ہے اور یہ آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مسئلۂ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور انسانی پہلوؤں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں میں تحقیق، تنقیدی سوچ، انسانی حقوق کے احترام اور عالمی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دیں تاکہ وہ حق، انصاف اور امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔وزیرِ مملکت نے عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہری آزادیوں پر عائد پابندیوں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کا مؤثر نوٹس لیں اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلۂ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل ہی جنوبی ایشیا میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے۔ وزیرِ مملکت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی فورم پر شمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔