مکہ مکرمہ ۔19جون (اے پی پی):ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ ساجد منظور اسدی نے تمام عازمین سے کہا ہے کہ پاکستان ہماری پہچان ہے ، حج 2022 کے موقع پر عازمین ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اقوام عالم کے سامنے اپنے پرچم اور وقار کو سر بلند رکھیں ۔ اتوار کو یہاں اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان حج مشن حج آپریشن 2022 کو زیادہ ذمہ داری کے ساتھ دیکھ رہا ہے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے ۔
انہوں نےکہا کہ ماضی کے مقابلے میں رہائش کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو اپ گریڈ کیا گیا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ حاجی بھی ذمہ داری کا ثبوت دیں ۔پاکستان حج مشن ، معاونین اور وزارت مذہبی امور تندہی اور جوش و جذبے کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر عازمین ہماری طرف سے فراہم کردہ سہولیات سے مطمئن ہیں کیونکہ تمام کھانے تازہ تیار کرکے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فراہم کئے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حاجیوں کی فیڈ بیک پر ہم سسٹم میں بتدریج بہتری لا رہے ہیں ۔ مکہ مکرمہ میں حاجیوں کے کھانے میں سالن کے ساتھ چاول بھی شامل کر لئے گئے ہیں آئندہ سال مدینہ میں بھی لاگو کیا جائے گا ۔مکہ مکرمہ میں حرم کے بالکل قریب اس مرتبہ 2900 اور 1800 افراد کی رہائش کے لئے دو فائیو سٹار ہوٹلوں سمیت 34 ہزار سرکاری سکیم کے حاجیوں کے لئے 11 عمارتیں حاصل کی گئی ہیں ۔ مکہ حج آپریشن کو 4 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباکے بعد یہ پہلا حج ہےاورپاکستان حج مشن نے سعودی اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بہتر کیا ہے ۔
سعودی ادارے بھی تعاون کر رہے ہیں تاہم سعودی اداروں کی ڈیمانڈ ہے کہ سعودی حج تعلیمات پر زیادہ سے زیادہ عمل کیا جائے تاکہ حاجی خود محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ، سندھ پنجاب ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حاجی سب وی آئی پیز ہیں اور ہم سب کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں ۔