پاک بحریہ اور روسی بحریہ کے مابین دو طرفہ مشق عریبین مون سون VI کا انعقاد

132

کراچی۔19مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ اور روسی بحریہ کے مابین شمالی بحیرہ عرب میں دو طرفہ بحری مشق عریبین مون سون VI منعقد کی گئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق میں روسی بحری جہازوں کے علاوہ پاک بحریہ کے مختلف اثاثوں بشمول ڈسٹرائر، آف شور پیٹرول ویسل، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)، میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ اور یو اے وی نے حصہ لیا۔

پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی مشق عریبین مون سون میں شرکت کی۔ مشق میں کثیر الجہتی بحری جنگ کے سیریلز شامل تھے جن کا مقصد باہمی تعاون کا فروغ اور بحری سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہارتھا۔ قبل ازیں کراچی میں روسی بحری جہازوں کے قیام کے دوران دو طرفہ جہازوں کے دورے، ہاربر ڈرلز اور ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز بھی کی گئیں۔

روسی بحریہ کے مندوبین نے پاک بحریہ کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کی اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھا کر بانی پاکستان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اہم بحری ممالک کے ساتھ میری ٹائم ڈومین میں مشترکہ مشقیں خطے میں پائیداربحری سلامتی کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہیں۔