
اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی) پاک بحریہ اور ملائیشیاء کی رائل نیوی کے مابین باہمی مشق ”مال پاکـII” کا بحیرہ عرب میں انعقاد ہوا، یہ مال پاک مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی۔ پبلک ریلیشنز ڈائریکٹوریٹ۔نیول ہیڈ کوارٹرز۔اسلام آباد سے اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق دو طرفہ بحری مشق مال پاک ہاربر اور سی فیز پر مشتمل تھی۔ رائل ملائیشین نیوی کے جہاز کے ڈی کستوری اور کے ڈی مہا وانگسا کثیر الملکی بحری مشق”امن 2019” میں حصہ لینے کے لئے 7 فروری 2019 کو کراچی پہنچے تھے۔یہ مال پاک مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی ، پہلی مشق کثیر الملکی بحری مشق ”لیما”کے اختتام پر ملائیشیائ میں منعقد ہوئی تھی۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے Z9EC ہیلی کاپٹر کے ہمراہ، پی این ایس عظمت اور لانگ رینج میری ٹائم ایئر کرافٹ نے کھلے سمندر میں مشق میں حصہ لیا۔ مشق کے ہاربر فیز کے دوران مشترکہ منصوبہ بندی اوررابطہ سازی پر مشتمل سرگرمیوں کا انعقاد ہوا جبکہ سی فیز کے دوران حتمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ مشق کے سی فیز میں سمندر سے سمندر اور سمندر سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے اورسرچ اینڈ ریسکیوآپریشنز کی مشقیں شامل تھیں۔ ہار بر سر گرمیاں کانفرنسز، تربیتی سہولیات کے دورے اور صوتی رابطوں کی جانچ پر مشتمل تھیں۔ دورہ کرنے والے جہازوں کے افسران اور جوانوں نے کھیلوں کی سر گرمیوں میں بھی حصہ لیا۔ مہمان آفیسرزو جوانوں کے اعزاز میں پی این ایس سیف پر عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ مشق کے سی فیز کے دوران ہر قسم کے میری ٹائم آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں سمندر سے سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے، سمندر سے فضا میںہدف کو نشانہ بنانے اورسرچ اینڈ ریسکیوآپریشنز کی مشقیں شامل تھیں۔ دو طرفہ مشق سے قبل رائل ملائیشین نیوی کے جہازوں نے امن 2019 میں بھی شرکت کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن 2019 اور مال پاک II میں شرکت دونوں ممالک کی بحری افواج کی مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہو گی۔پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ممالک تجارت اور عسکری اشتراک کے مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کثیر الملکی اور دو طرفہ مشقوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ دفاعی نمائشوں میں بھی بھر پور انداز سے شریک ہوتی ہیں۔ رائل ملائیشین نیوی کے جہازوں کے ڈی کستوری اور کے ڈی مہاوانگسا کا کثیر الملکی بحری مشق” امن 19” میں حصہ لینے کے لئے پاکستان کا دورہ اور باہمی مشق ”مال پاک II” میں شرکت دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین اشتراک اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہو ں گے۔